نوشکی پولیس کی اسنیپ چیکنگ مہم، کالے شیشوں اور ڈارک پیپرز کے خلاف کارروائی
ایس پی نوشکی سلیم جاوید شاہوانی کی سربراہی میں نوشکی پولیس نے شہر بھر میں سیکیورٹی اقدامات کو مؤثر بنانے کے لیے اسنیپ چیکنگ مہم کا آغاز کر دیا۔ اس دوران پولیس اہلکاروں نے نوشکی شہر کے مختلف داخلی و خارجی راستوں پر ناکے قائم کرکے گاڑیوں اور موٹر سائیکل سواروں کی جامع چیکنگ کی۔
چیکنگ کے دوران درجنوں گاڑیوں میں نصب ممنوعہ کالے شیشے اور ڈارک پیپرز اتار دیے گئے جبکہ ڈرائیوروں اورشہریوں کو سیکیورٹی ہدایات پر عملدرآمد کی تلقین کی گئی۔ پولیس حکام کے مطابق کالے شیشوں اور ڈارک پیپرز کے استعمال سے جرائم پیشہ عناصر کو فائدہ پہنچ سکتا ہے، اس لیے ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
ایس پی نوشکی سلیم جاوید شاہوانی نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے اس نوعیت کی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنی گاڑیوں سے غیر قانونی کالے شیشے اور ڈارک پیپرز ہٹا کر قانونی تقاضوں کو پورا کریں۔ پولیس کی جانب سے واضح کیا گیا کہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔