نوشکی: سکول وین ایسوسی ایشن و رکشہ یونین کے صدر صغیر ماندائی نے پٹرولیم مصنوعات خصوصاً ایرانی پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشا اور مصنوعی اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی پٹرول کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث مہنگائی کی نئی لہر جنم لے رہی ہے، جس کے اثرات براہِ راست عام شہریوں، سکول وین ڈرائیوروں اور رکشہ مالکان پر پڑ رہے ہیں۔ ایندھن مہنگا ہونے کی وجہ سے وین اور رکشہ کرایوں میں اضافہ مجبوری بن چکا ہے، جس سے ایک طرف والدین اور شہری پریشان ہیں تو دوسری جانب ٹرانسپورٹ مالکان بھی شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔
صغیر ماندائی نے ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ضلع نوشکی میں ایرانی پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور ذخیرہ اندوزی و منافع خوری کا سخت نوٹس لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے مبارک موقع پر عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے تاکہ لوگ سکون اور خوشی کے ساتھ عید کی خوشیاں منا سکیں۔