*بلوچستان حکومت نے لواحقین کوٹہ کے تحت حقوق کے تحفظ کا نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے التوا کا شکار کیسز میں بھرتی مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔*
*کوئٹہ (ہمارا بلوچستان نیوز)حکومت بلوچستان نے وفاقی آئینی عدالت کے فیصلے کی روشنی میں دورانِ سروس وفات پانے والے سرکاری ملازمین کے بچوں اور بیواؤں کے لیے لواحقین کوٹہ کے تحت ملازمت کے حقوق کے تحفظ سے متعلق اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (ریگولیشن ونگ) کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے تمام صوبائی محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان احکامات پر فوری اور سختی سے عمل درآمد کیا جائے سرکاری اعلامیے کے مطابق وفاقی آئینی عدالت نے 27 فروری 2026 کو “سندھ حکومت بنام محمد رضوان خان و دیگر” کیس میں فیصلہ دیتے ہوئے قرار دیا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے ایک سابقہ فیصلے (پی ایل ڈی 2024 ایس سی 1276) کے تحت لواحقین کوٹہ سے متعلق رول 11-اے کو کالعدم قرار دیا گیا تھا، تاہم اس فیصلے کا اطلاق ماضی سے نہیں بلکہ مستقبل سے ہوگا عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ جب کسی سرکاری ملازم کا دورانِ سروس انتقال ہوتا ہے تو اسی وقت اس کے بچوں یا شریکِ حیات (بیوہ) کا سرکاری ملازمت میں تقرری کا حق قانونی طور پر قائم ہو جاتا ہے۔ درخواست کا مرحلہ یا تقرری کا باضابطہ حکم نامہ محض انتظامی کارروائی ہے، اس لیے سابقہ عدالتی فیصلہ ان افراد کے حق میں رکاوٹ نہیں بن سکتا جن کا حق وفات کے وقت ہی پیدا ہو چکا تھا۔ عدالت نے مزید کہا کہ پہلے سے طے شدہ اور مکمل ہو چکے معاملات کو اس فیصلے کی بنیاد پر دوبارہ نہیں کھولا جا سکتا محکمہ قانون کی رائے اور وفاقی آئینی عدالت کے فیصلے کی روشنی میں حکومت بلوچستان نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ ایسے تمام کیسز جن پر کارروائی 18 اکتوبر 2024 سے قبل مکمل ہو چکی تھی یا جنہیں حتمی شکل دی جا چکی تھی مگر کسی وجہ سے تقرری کے احکامات جاری نہ ہو سکے، ان پر تمام قانونی تقاضے اور اہلیت کے معیار پورے کرنے کے بعد تقرری کا عمل فوری طور پر مکمل کیا جائے انڈر سیکریٹری ریگولیشن ون، سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن عبدالباری کاسی کے دستخط سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کی نقول ایڈیشنل چیف سیکریٹری ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، گورنر بلوچستان اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کے پرنسپل سیکریٹریز سمیت تمام متعلقہ انتظامی سیکریٹریز، ڈویژنل کمشنرز اور دیگر اداروں کو فوری عمل درآمد کے لیے ارسال کر دی گئی ہیں۔*
*_تازہ ترین خبریں اور بلوچستان سے متعلق اپڈیٹس کے لیے ہمارا بلوچستان نیوز کے واٹس ایپ چینل پر فالو کرنے کے لیے لنک پر کلک کریں۔ https://whatsapp.com/channel/0029VaCdc6ZFy72JibFNMW18*