Related Posts
Related Posts
کراچی(ویب ڈیسک)سندھ پولیس میں نادرا کے حساس ڈیٹا کے غلط استعمال کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ایس ایس پی کورنگی نے ضلع بھر کے تمام ایس ایچ اوز کو ایک مراسلہ جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ نادرا ویریسز، سی ڈی آر، اور فیملی ٹری ڈیٹا کا غلط استعمال ہو رہا ہے۔
مراسلے میں یہ بھی کہا گیا کہ آئی جی پی آفس سندھ کو اس حوالے سے متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں، جس میں یہ کہا گیا کہ پولیس اہلکاروں اور آپریٹرز کی جانب سے حساس ڈیٹا کی رازداری کی پامالی کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ، سندھ کے مختلف اضلاع میں نادرا، سی آر او اور سی آر ایم ایس ٹرمینلز تک غیر قانونی رسائی حاصل کی جا رہی ہے۔
ایس ایس پی نے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ اس معاملے کی سخت نگرانی کریں اور تفتیشی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے ڈیٹا کی رازداری کو یقینی بنائیں۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کسی اہلکار نے اس حساس ڈیٹا کا غلط استعمال کیا تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔