Related Posts
Related Posts
اسلام آباد(ویب ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی نے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، جو بدھ کو دوپہر ایک بجے پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر پانچ میں ہوگا۔ اجلاس ان کیمرہ ہوگا، اور پی ٹی آئی اپنی تحریری مطالبات حکومتی نمائندوں کے سامنے پیش کرے گی۔
ذرائع کے مطابق، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکراتی عمل کی بحالی کے لیے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے اسپیکر قومی اسمبلی سے رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان مذاکراتی نشست کے لیے تاریخ اور ایجنڈے پر مشاورت ہوئی۔
اپوزیشن ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ رابطہ بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بعد ہوا۔ اپوزیشن نے اسپیکر کو تحریری چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان پہلے ہی دو نشستیں ہو چکی ہیں۔ تین دن قبل اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن لیڈر کا پیغام وصول کرنے کے بعد تحریک انصاف کے رہنماؤں سے رابطہ کیا تھا اور عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی حکومتی منظوری بھی حاصل کی تھی۔
پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان صاحبزادہ حامد رضا نے حکومت کو 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی جوڈیشل انکوائری کے لیے 31 جنوری تک کی مہلت دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ شرط پوری نہ کی گئی تو مذاکراتی عمل ختم ہو سکتا ہے۔