*بلوچستان کے تمام سرکاری اداروں میں جمعہ ورکنگ ڈے قرار، دفاتر کی ہفتہ وار چھٹیوں کا شیڈول تبدیل۔*
کوئٹہ(بولتا بلوچستان)بلوچستان حکومت کے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبے بھر کے سرکاری دفاتر کے لیے جمعہ کو بھی ”Working Day“ قرار دے دیا۔
ذرائع بولتا بلوچستان کے مطابق محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کی جانب سے 31 اگست 2026 کو جاری کردہ سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ اس فیصلے کا اطلاق صوبے بھر کے تمام سرکاری دفاتر پر ہوگا۔ سرکلر میں 21 جون 2026 کے سابقہ نوٹیفکیشن کا حوالہ دیتے ہوئے جمعہ کے روز سرکاری امور معمول کے مطابق انجام دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع بولتا بلوچستان کے مطابق محکمہ نے تمام انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز، منسلک محکموں، پولیس، اکاؤنٹنٹ جنرل بلوچستان سمیت متعلقہ سرکاری اداروں کو سرکلر پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے سرکلر میں واضح کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی یا عدم تعمیل قابلِ توجہ ہوگی، جبکہ تمام متعلقہ افسران و اداروں کو فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کا پابند کیا گیا ہے۔