آزاد کشمیر کے وزیراعظم کیلئے ن لیگ کے رہنما شاہ غلام قادر مضبوط امیدوار بتائے جارہے ہیں جو کہ نیلم سے الیکشن میں کامیاب ہوئے ہیں ، راجہ فاروق حیدر کے اس مرتبہ وزیراعظم کے کم چانسز ہیں ۔
سماء نیوز کے پروگرام ’رپورٹرز کارنر‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سہیل رشید نے بتایا کہ آزاد کشمیر الیکشن کے پہلے دو مرحلوں کے بعد یہ تو طے ہو گیاہے کہ ن لیگ ہی حکومت بنائے گی ، انہیں بس 4 سیٹس کی مزید ضرورت ہے ، اس کے بعد وہ اکثریت لے جائیں گے اور پھر انہیں کسی اتحادی کی ضرورت بھی نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے رہنمااور کارکنان یہ کہتے تھے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کیلئے میرپور سے چوہدری محمد سعید اور مظفر آباد سے بیرسٹر افتخار گیلانی کے ناموں پر غور کیا جا سکتا ہے ، ان دونوں کے حلقوں میں نوازشریف نے جلسہ بھی کیا تھا لیکن یہ دونوں ہی اپنی سیٹیں ہار چکے ہیں، لہذا اب شاہ غلام قادر جو کہ نیلم سے کامیاب ہوئے ہیں وہ اس وقت وزیراعظم کیلئے فیورٹ قرار دیئے جارہے ہیں، راجہ فاروق حیدر پہلے وزیراعظم رہ چکے ہیں ، وہ بھی آگے سکتے ہیں لیکن ان کے زیادہ چانسز نہیں ہیں۔