ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و سابق رکن صوبائی اسمبلی قادر علی نائل نے ایک وفد کے ہمراہ سیکرٹری اسکول ایجوکیشن بلوچستان لعل جان جعفر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ہزارہ ٹاؤن، علمدار روڈ اور حلقہ پی بی-40 کو درپیش تعلیمی مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وفد نے گورنمنٹ بینظیر بھٹو ہائی سکول ہزارہ ٹاؤن کے لیے نئی آسامیوں کی منظوری، ہزارہ ٹاؤن کے بوائز و گرلز ہائی سکولوں میں اساتذہ اور دیگر عملے کی کمی کو فوری طور پر پورا کرنے، گورنمنٹ پرائمری سکول شیر محمد مری اور گورنمنٹ پرائمری سکول نیو ہزارہ ٹاؤن کو علیحدہ کرنے اور دونوں سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اپنے مطالبات پیش کیے۔
سیکرٹری اسکول ایجوکیشن لعل جان جعفر نے وفد کی جانب سے پیش کیے گئے تمام مسائل کو غور سے سنا، ان کے جلد از جلد حل کی یقین دہانی کرائی اور متعلقہ حکام کو ضروری کارروائی کے لیے ہدایات جاری کی۔
وفد میں ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عصمت اللہ یاری، مرکزی آرگنائزنگ سیکرٹری داؤد چنگیزی اور رکن مرکزی کونسل تورانی بھی شامل تھے۔