لبنان(ویب ڈیسک) اسرائیلی فورسز کا حملہ، 22 افراد جاں بحق
لبنان کے جنوبی علاقے میں شہریوں کی واپسی کے دوران اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 22 افراد جاں بحق اور 124 زخمی ہوگئے۔ لبنانی حکام کے مطابق اسرائیل نے جنوبی لبنان میں رہائشیوں کو انخلا کا حکم دیا تھا، تاہم واپس آنے والے افراد کو نشانہ بنایا گیا۔
لبنان کی وزارت صحت کے مطابق، متاثرہ علاقے میں اسرائیلی فوج اب بھی قابض ہے، اور شہری علاقے میں داخلے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ خطرات سے نمٹنے کے لیے انتباہی فائرنگ کی گئی تھی اور کچھ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
دوسری جانب، حزب اللہ کے حامی شہریوں کی اپنے علاقوں کی طرف واپسی کی ویڈیوز منظرِ عام پر آئی ہیں، جن میں وہ گروپ کے جھنڈے اور شہید جنگجوؤں کی تصاویر اٹھائے ہوئے ہیں۔
لبنان کی امریکا حمایت یافتہ فوج نے اسرائیل پر الزام لگایا ہے کہ وہ جنوبی علاقے سے انخلا میں تاخیر کر رہا ہے، جبکہ ایک لبنانی فوجی بھی حملے میں شہید ہوا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے جنوبی لبنان میں اپنی فوج کی موجودگی برقرار رکھنے کا عندیہ دیا تھا، کیونکہ ان کے مطابق حزب اللہ کے خاتمے کی شرائط ابھی پوری نہیں ہوئیں۔
غزہ جنگ کے بعد سے خطے میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے، جس کی وجہ سے جنوبی لبنان سے لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔