پشاور(ویب ڈیسک)تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی میں قبائلی اضلاع میں امن و امان کی صورتحال پر بحث کے دوران قبائلی اضلاع میں ممکنہ آپریشن کے خلاف حکومت اور اپوزیشن ایک پیکج پر آگئے۔خیبرپختونخوا اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن نے قبائلی اضلاع میں فوجی آپریشن کی مخالفت کردی جبکہ اسپیکر اسمبلی نے امن و امان کی صورت حال پر بریفنگ کیلیے کورکمانڈر کو بلانے کا عندیہ بھی دے دیا۔
اسپیکر کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں جو سوالات اٹھائے گئے وہ غور طلب ہیں، 2 دہائیوں سے خیبر پختونخوا میں آپریشن ہوئے، لوگوں کا انخلا بھی ہوا لوگوں کی آبادکاری بھی ہوئی۔ارکان اسمبلی نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں آپریشن کو نہیں مانیں گے جبکہ حکومتی ارکان نے واضح کیا کہ آپریشن کا فیصلہ خیبر پختونخوا حکومت اور وزیر اعلیٰ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں کور کمانڈر کو بھی امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ کیلئے بلایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ فوج اور منتخب نمائندوں کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے۔ اسپیکر نے امن و امان کی صورت حال پر آئی جی خیبرپختونخوا کو طلب کرلیا اور کہا کہ وہ اپوزیشن لیڈر، ارکان اسمبلی کو بریفنگ دیں گے۔
You might also like