حکومتِ بلوچستان اخوت اسلامک مائیکرو فنانس کے ذریعے تین بلا سود مائیکرو فنانس پروگرام شروع کرنے جارہی ہے، یہ بات سیکرٹری خزانہ بلوچستان جہانگیر خان کاکڑ نے کہی۔
انہوں نے بتایا کہ ان پروگراموں کا کل حجم 6 ارب روپے ہوگا، جس کے تحت عوام کو کاروبار کے قیام و توسیع، گھریلو سولر سسٹمز کی تنصیب اور کم لاگت رہائشی منصوبوں کے لیے بلا سود مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
سیکرٹری خزانہ نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں، خواتین، کسانوں اور چھوٹے کاروباری افراد کو معاشی طور پر بااختیار بنانا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا، قابلِ تجدید توانائی کے استعمال کو فروغ دینا اور عوام کو بہتر رہائشی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام صوبے میں غربت کے خاتمے اور پائیدار معاشی ترقی کے حصول میں اہم کردار ادا کریں گے۔